لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی نظربندی کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب کے ہوم سیکریٹری سے جواب طلب کر لیا ہے۔ درخواست کی سماعت جسٹس ابہر گل خان نے کی۔
ڈان کے مطابق درخواست علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان نے ایڈووکیٹ رانا مدثر عمر کے ذریعے دائر کی ہے۔ علیمہ خان کو 20 ستمبر کو ڈپٹی کمشنر لاہور کے حکم پر نقص امن عامہ (ایم پی او) آرڈیننس کے تحت 30 دن کے لیے نظربند کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ان کی دو بہنیں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی بھی نظربند ہیں۔
درخواست گزار کا مؤقف
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکام نے ایم پی او کی دفعہ 3 کے تحت مقررہ طریقہ کار اختیار نہیں کیا، نظربندی کے احکامات میں مخصوص الزامات درج نہیں، اور احکامات گرفتاری کے بعد جاری کیے گئے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نظربندی کے احکامات کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق ہوم سیکریٹری نے اس معاملے پر 28 ستمبر کو الگ سماعت بھی مقرر کر رکھی ہے۔