پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس اب محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول وصول کرے گا۔ ڈان کے مطابق اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز اور ستھرا پنجاب اتھارٹی کے درمیان 21 ستمبر کو معاہدہ ہوا۔ صوبائی کابینہ نے اس فیصلے کی منظوری 6 اگست کو دی تھی اور وصولی مالی سال 2026-27 میں شروع ہوگی۔
ماہانہ فیس کی شرح
- 5 مرلہ تک رہائشی گھر: 300 روپے
- 5 سے 10 مرلہ: 500 روپے
- 10 سے 20 مرلہ: 1,000 روپے
- 20 سے 40 مرلہ: 2,000 روپے
- 40 مرلہ سے زائد: 4,000 روپے
- چھوٹا کاروبار: 500 روپے، درمیانہ کاروبار: 1,000 روپے، بڑا کاروبار: 3,000 روپے
یہ فیس صوبے کے تمام شہری علاقوں میں لاگو ہوگی، تاہم کنٹونمنٹ، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹیز اور نجی ہاؤسنگ اسکیمیں اس سے مستثنیٰ ہوں گی۔ معاہدے کے تحت محکمہ ایکسائز کو کل بلوں کا ایک فیصد پیشگی ملے گا۔ اتھارٹی کے ایک افسر کے مطابق دونوں اداروں کے افسران معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔