ریکوڈک مائننگ کمپنی نے بلوچستان کے ضلع چاغی کے 55 طلبہ کو انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سکھر کے فاؤنڈیشن پروگرام میں داخلے کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس دی ہیں۔ ڈان کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں ایوارڈ کی تقریب ریکوڈک منصوبے کی سائٹ پر منعقد ہوئی جس میں طلبہ، والدین، مقامی نمائندوں اور کمپنی کے حکام نے شرکت کی۔
یہ طلبہ ریکوڈک اسکالرشپ پروگرام کا دوسرا بیچ ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد چاغی کے انٹرمیڈیٹ طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو مضبوط کرنا اور انہیں ملک کی معروف جامعات میں داخلے کے لیے تیار کرنا ہے۔
تقریب میں کیا کہا گیا؟
ریکوڈک منصوبے کے جنرل مینیجر رائن مچل نے طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی نہ صرف ذاتی کامیابی ہوگی بلکہ پورے خطے کی ترقی میں بھی حصہ ڈالے گی۔ انہوں نے آئی بی اے سکھر کی ٹیم اور وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مسلسل دوسرے سال یہ پروگرام کامیابی سے مکمل کرایا۔
کمپنی کے سسٹینیبلٹی مینیجر اسٹیفن ہرب نے معاشرتی ترقی میں تعلیم کے کردار پر زور دیا، جبکہ شعبہ انسانی وسائل کے سربراہ ہینو اسٹیڈن اور کمیونٹی انویسٹمنٹ ٹیم کے سربراہ عیسیٰ طاہر نے اس پروگرام کو چاغی کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور مستقبل میں سرمایہ کاری قرار دیا۔